Friday, 10 January 2014

دبئی ٹیسٹ میں پاکستان کو اننگز کی شکست کا خطرہ، 3 وکٹوں پر 132 رنز بنا لئے

دبئی: سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں بھی پاکستانی بلے باز لنکن ٹائیگرز کے سامنے بھیگی بلی بنے رہے، تیسرے دن کھیل کے اختتام تک شاہینوں نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز بنا لئے۔
دبئی میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز سری لنکا نے اپنی نامکمل اننگ 318 رنز 4 وکٹ کے نقصان سے دوبارہ شروع کی تو کپتان انجیلو میتھیوز بغیر کوئی رنز میں اضافہ کئے 42 رنز بنا کر راحت علی کا شکار بن گئے جبکہ مہیلا جے وردھنے نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 129 رنز بنائے جنہیں سعید اجمل نے بولڈ کیا جس کے بعد وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی چلی گئیں اور پوری ٹیم 388 رنز تک سمٹ کر رہ گئی۔ جواب میں پاکستانی اوپنرز دوسری اننگز میں بھیگی بلی بنے رہے اور لنکن بالرز کے سامنے ٹاپ آرڈر ریت کی دیوار ثابت ہوا، اوپننگ بیٹسمین خرم منظور اور احمد شہزاد بالترتیب 6 اور 9 رنز ہی بنا سکے جبکہ محمد حفیظ بھی 1 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
19 کے مجموعہ پر قومی ٹیم کے تین کھلاڑی پویلین کی راہ دیکھ چکے تھے جس کے بعد مڈل آرڈر بیٹسمین یونس خان اور کپتان مصباح الحق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور کو آگے بڑھایا، تیسرے دن کھیل کے اختتام تک قومی ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز بنا لئے جبکہ سری لنکا کی برتری ختم کرنے کیلئے مزید 91 رنز درکار ہیں، کپتان  مصباح الحق 53 اور یونس خان 62 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔
سری لنکا کی جانب سے پرادیپ نے 2 اور ہیرات نے ایک وکٹ حاصل کی جبکہ پاکستان کی جانب سے پہلی اننگ میں جنید خان نے 3، راحت علی اور سعید اجمل نے 2،2 اور بلاول بھٹی اور محمد حفیظ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

No comments:

Post a Comment