کراچی: پی سی بی کے72سالہ ڈائریکٹر انتخاب عالم کا ستارہ بھی بالآخر گردش میں آ ہی گیا، حالیہ چند مشوروں کے غلط ثابت ہونے پر چیئرمین بورڈ ان سے خفا ہو گئے،اس میں عثمان خان شنواری کا انتخاب سرفہرست ہے، دوسری جانب ڈائریکٹر جنرل جاوید میانداد کی نجم سیٹھی سے ملاقات میں کچھ گلے شکوے تو دور ہوئے مگر سابق کپتان کی خفگی برقرار ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی میں کئی سربراہان آئے اور گئے مگر انتخاب عالم کی پوزیشن پر کوئی فرق نہ پڑا، نجانے ان کے پاس کون سی گیدڑ سنگھی ہے کہ ہر چیئرمین کیلیے وہ ناگزیر بن جاتے ہیں، ان دنوں ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ اور ڈائریکٹر اکیڈمی کے طور پر فرائض انجام دینے والے سابق کپتان اب پہلی بار زیرعتاب آئے ہیں،ذرائع کے مطابق کئی مشوروں کے غلط ثابت ہونے پر ایڈہاک کمیٹی کے سربراہ ان سے ناخوش ہیں، ہر ماہ معاہدے کی تجدید کرانے والے72 سالہ انتخاب عالم کو سب سے بڑا مسئلہ عثمان خان شنواری کی سلیکشن سے ہوا، ذرائع کے مطابق انھوں نے ہی چیئرمین پر زور دے کر نوجوان بولر کو قومی ٹیم میں شامل کرایا،ان کا اصرار تھا کہ عثمان انٹرنیشنل کرکٹ میں جاتے ہی تباہی مچا دے گا، مگر یہ فیصلہ بیک فائر اور میڈیا کی تمام توپوں کا رخ نجم سیٹھی کی جانب ہو گیا۔
No comments:
Post a Comment