Thursday, 9 January 2014

مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کالا باغ ڈیم پر اتفاق رائے نہیں کروا سکتے: تحریک انصاف

مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کالا باغ ڈیم پر اتفاق رائے نہیں کروا سکتے: تحریک انصاف

لاہور (خصوصی رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف نے قرار دیا ہے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) 10 مرتبہ اقتدار میں آجائیں تو بھی کالا باغ ڈیم پر اتفاق رائے نہیں کروا سکتے۔ عمران خان جب بھی اقتدار میں آئیں گے تو اس پوزیشن میں ہوں گے کہ چاروں صوبوں میں اتفاق رائے پیدا کریں۔ ان خیالات کا اظہار پنجاب کے صدر اعجاز احمد چودھری، جنرل سیکرٹری پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد، سیکرٹری ایگریکلچر پنجاب جاوید نیاز منج کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں تحریک انصاف ایگریکلچر پنجاب کے زیرِاہتمام مقامی ہوٹل میں پانی اور زرعی مسائل کے حوالے سے ورکشاپ منعقد ہوئی جس سے زرعی و آبی ماہرین نے خطاب کیا۔ تحریک انصاف کے رہنماو¿ں نے کہا ہماری اپنی پارٹی کو تجویز ہے چھوٹے کسانوں اور بڑے کسانوں کیلئے الگ الگ وزارتیں قائم کی جائیں، تحریک انصاف پورے پنجاب میں ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد پر مشتمل تھنک ٹینک بنائیگی، بھارت کے ساتھ دوستی کی باتیں بے شک کریں لیکن پانی کیلئے پاکستان کو خود منصوبہ بندی کرنا ہو گی، پرانی یا نئی حلقہ بندیوں پر ہر صورت صوبے میں بلدیاتی انتخابات ہونے چاہئیں، الیکشن کمشن اور عدلیہ کی نگرانی میں بلدیاتی الیکشن کا انعقاد کیا جائے۔ خوشاب کے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ (ن) سرکاری مشینری استعمال کر رہی ہے۔ تمام صوبائی وزرا نے وہاں ڈیرے ڈال رکھے ہیں اورآئین کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں لیکن الیکشن کمشن ٹس سے مس نہیں ہو رہا۔ پی ٹی آئی کے این اے 69 کے امیدوار ملک عمر اسلم کو ہدایات کر دی ہیں وہ تمام ثبوتوں کے ساتھ فوری طور پر الیکشن کمشن آف پاکستان کو خط لکھے۔ صوبائی حکومت بلدیاتی الیکشن نہ کروا کر آئین کی مسلسل خلاف ورزی کر رہی ہے، رانا ثناءاللہ کو چاہئے وہ چیئرمین عمران خان کے خلاف اپنی زبان سنبھال کر بات کریں، اعجاز چودھری نے کہا عابد شیر علی کو سب سے پہلے نواز شریف اور شہباز شریف کے ہاتھ کاٹیں اور پھر خیبر پی کے حکومت کے بارے میں بات کریں۔ ایگریکلچر پنجاب کے زیر ِاہتمام منعقدہ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے اعجاز چودھری نے کہا تحریک انصاف ایگریکلچر پنجاب کے سیکرٹری جاوید نیاز منج اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، انہوں نے صوبے کے اہم مسائل پر ورکشاپ کا انعقاد کیا اور میرا خیال ہے اس ورکشاپ کا نام زندگی رکھ دیں کیونکہ صوبے میں پانی اور زرعی، لائیوسٹاک کے مسائل میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے لیکن حکومت کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی، ورکشاپ سے شاہد ضیائ، اسلام الحق، ڈاکٹر ایم شفیق نے اپنی اپنی تجاویز پیش کیں، ورکشاپ میں سیکرٹری انفارمیشن پنجاب عندلیب عباس، ندیم قادر بھنڈر، چودھری اشفاق، چودھری الیاس، عامر گجر، چودھری یعقوب، ثوبیہ کمال، شنیلہ روت، کنور عمران سعید، فیض رسول گجر، سلیم کمیانہ، راجہ عامر ٹیپو، مہر حیات لک، شفقت کجر، شاہنواز سراءسمیت ریجنل، ضلعی پی ٹی آئی کے سیکرٹری ایگریکلچر نے شرکت کی۔

No comments:

Post a Comment