Thursday, 9 January 2014

پاکستان کا بھارت سے 500 کی بجائے 2000 میگاواٹ بجلی خریدنے کا منصوبہ

پاکستان کا بھارت سے 500 کی بجائے 2000 میگاواٹ بجلی خریدنے کا منصوبہ

نئی دہلی (کے پی آئی) پاکستان بھارت سے 500 کے بجائے اب 2000 میگاواٹ بجلی خریدنے کا منصوبہ بنا رہا ہے، اس سلسلے میں بھارت کو آگاہ کر دیا گیا ہے جب کہ 500 میگاواٹ حاصل کرنے کے معاملے پر بہت جلد دونوں ملکوں کے درمیان معاہدے پر دستخط ہوں گے ۔ ریاستی اخبار کے مطابق اسلام آباد میں پانی و بجلی وزارت کے اعلی حکام نے بھارت سے مزید بجلی حاصل کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارت سے 500 کے بجائے اب 2000 میگاواٹ بجلی حاصل کرنے کی درخواست کی ہے تاہم فی الحال بھارتی حکام سے بجلی حاصل کرنے اور اس سے جڑے معاملات پر بات چیت کرے گی ۔ٹیم میں محکمہ بجلی اور پانی کے علاوہ دوسرے متعلقہ حکام شامل ہوں گے۔ رپورٹوں کے مطابق بھارت سے بجلی حاصل کرنے کے معاملے پر دونوں ملکوں کے درمیان کئی بار بات چیت کی گئی تاہم اس سلسلے میں کئی مشکلات درپیش ہیں جنہیں دور کیا جا رہا ہے۔ بھارت نے شروع میں پاکستان کو 500 میگاواٹ بجلی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی تاہم اب پاکستان نے بھارت سے دو ہزار میگاواٹ بجلی حاصل کرنے کی کوششیں شروع کر دی ہیں۔ تاہم بھارت نے پہلے ہی 500 میگاواٹ بجلی فراہم کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے چنانچہ لوازمات پورے کرنے کے سلسلے میں ایک خصوصی ٹیم اسلام آباد سے نئی دہلی پہنچ رہی ہے جو بجلی کی فراہمی سے جڑے معاملات خاص کر ترسیلی لائنوں پر بات چیت کرے گی۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان گزشتہ کئی برسوں سے زبردست لوڈشیڈنگ سے دوچار ہے جس کے باعث جہاں صنعتوں کو زبردست نقصان ہو رہا ہے وہیں لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔

No comments:

Post a Comment