Wednesday, 8 January 2014

خیبر پی کے اسمبلی ‘ وزراء کی تنخواہوں میں اضافے کا ترمیم بل پیش ‘ احتساب کمشن بل منظور

خیبر پی کے اسمبلی ‘ وزراء کی تنخواہوں میں اضافے کا ترمیم بل پیش ‘ احتساب کمشن بل منظور

پشاور (نوائے وقت رپورٹ) خیبر پی کے اسمبلی میں احتساب کمشن بل 2014ء منظور کر لیا گیا۔ بل کی منظوری سے پہلے سلیکٹ کمیٹی کی رپورٹ کی بھی ایوان نے منظوری دی۔ خیبر پی کے، کے وزراء کی تنخواہوں میں اضافے کا ترمیمی بل 2013ء اسمبلی میں پیش کر دیا گیا۔ ترمیمی بل پر ایوان میں بحث کے دوران اپوزیشن کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ اس موقع پر ایوان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کہا کہ صرف وزراء کے ہائوس رینٹ میں اضافہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی اداورں کی کارکردگی دیکھ کر دکھ ہوتا ہے۔ تنقید کرنے والے اپنے گریبانوں میں جھانکیں، اب لوٹ مار نہیں چلے گی، کارکردگی مثالی بنائیں۔دریں اثناء وزیر اعلیٰ ہاؤس میں پی ٹی آئی یوتھ ونگ کے عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پی کے نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی جانب سے صوبے میں متعارف کیا جانیوالا مقامی حکومت کا نظام، آئین کے مطابق انتظامی، مالیاتی اور سیاسی خود مختاری کا حامل ہوگا۔ اس سلسلے میں نئے لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے نفاذ کیلئے کی گئی قانون سازی آئین کی روح، جمہوریت کے اصولوں کو مد نظر رکھتے ہوئے ڈرافٹ کی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے نشاندہی کی کہ مشرف کے بہت زیادہ تشہیر کردہ اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کے پروگرام کے برعکس جس میں اضلاع کو منتقل کئے جانے والے وسائل صرف ضلعی اور لوکل گورنمنٹ کے ملازمین کی تنخواہوں تک محدود تھے، خیبر پی کے حکومت ترقیاتی بجٹ کا بڑا حصہ اضلاع سے نیچے تحصیل، یونین کونسل اور حتیٰ کہ گائوں کی سطح تک کے بلدیاتی اداروں کو منتقل کر رہی ہے تاکہ نچلی سطح پر لوگوں کو بااختیار بنانا یقینی بنایاجائے جبکہ دوسری طرف فلور کراسنگ کے بارے میں سخت قانون بنایا گیا ہے تاکہ جمہوریت اور جمہوری اصول مضبوط ہوں۔ پرویز خٹک نے کہا کہ تشکیل شدہ قوانین، آبادی کی بنیاد پر وسائل کی تقسیم یقینی بنائیں گے اور بلدیاتی نظام کو صوبائی حکومت پر کبھی بھی انحصار نہیں کرنا پڑے گا اور بلدیاتی نظام کی آزادی اور خودمختاری یقینی ہو گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ قانون نے صوبائی و لوکل گورنمنٹ کے علاوہ ڈسٹرکٹ، تحصیل، یونین کونسل اور ویلج کونسل کے کردار، اختیارات اور ذمہ داریوں کی واضح طور پر تشریح کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ اس قانون کے نفاذ سے یونین کونسلوں کا ترقیاتی بجٹ دس گنا تک بڑھنے کی توقع ہے۔

No comments:

Post a Comment