ہم جنس پرستوں کی شادیاں برطانیہ میں قدرتی آفات کی وجہ بن رہی ہیں، برطانوی سیاستدان

لندن: برطانیہ کی یو کے انڈیپینڈنس پارٹی کے رہنما ڈیوڈ سلوسٹر کا کہنا ہے کہ ہم جنس پرستوں کے درمیان شادیاں قدرتی آفات کی وجہ بن رہی ہیں۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق یو کے انڈیپینڈنس پارٹی کے کونسلر ڈیوڈ سلوسٹر کی جانب سے مقامی اخبار کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے ہم جنس پرستوں کو شادی کی اجازت دے کر مقدس کتاب”انجیل“ کے فرمان کی خلاف ورزی کی گئی اوران شادیوں کو قانونی قرار دینے کی وجہ سے ہی ملک میں حالیہ طوفان اور سیلاب آئے ہیں۔
سلوسلٹر کا کہنا تھا کہ انہوں نے وزیراعظم کو اپریل 2012 میں متنبہ کیا تھا کہ ہم جنس پرستوں کی شادی کو قانونی قرار دینے والے بل کو منظور کرنے سے ملک قدرتی آفات میں گھر سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ7 ہزار درخواستوں اور کنزرویٹو پارٹی کے نصف اراکین کی مخالفت کے باوجود ڈیوڈ کیمرون نے بل کو منظور کرایا۔
دوسری جانب یو کے انڈیپینڈنس کی جانب سے ڈیوڈ سلوسٹر کے اس بیان کے بعد ان کی پارٹی رکنیت معطل کردی گئی ہے۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ ڈیوڈ سلوسٹر کا یہ موقف جماعت کا نہیں بلکہ ان کا اپنا ہے اور انہیں اپنی رائے کے اظہار کا پورا حق ہے۔
واضح رہے کہ ڈیوڈ سلوسٹرنے برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کی ہم جنس پرستوں کی شادی کی حمایت کے بعد کنزرویٹو جماعت کو چھوڑ کر یو کے انڈیپینڈنس میں شمولیت اختیار کی تھی۔
No comments:
Post a Comment