کرپشن کیسز میں آصف علی زرداری پر آج بھی فرد جرم عائد نہ ہوسکی
اسلام آ باد: کرپشن کیسز میں سابق صدر آصف علی زرداری پر آج بھی فرد جرم عائد نہ ہوسکی جب کہ ان کے وکلا کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ اور مقدمات ختم کرنے کی درخواست دائر کردی گئی۔
سابق صدر آصف علی زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے احتساب عدالت میں 2 درخواستیں دائر کیں۔ پہلی درخواست میں عدالت سے استدعاکی گئی کہ آصف زرداری کو حاضری سے استثنیٰ دیا جائے، جب کہ دوسری درخواست میں مؤقف اختیارکیا گیا کہ آصف زرداری کے خلاف ریفرنسز میں دیگر ملزمان بری ہوچکے ہیں اوران کیسوں میں اب جان نہیں رہی، لہذا عدالت آصف زرداری کو بھی بری کردے۔ عدالت نے دونوں درخواستوں پرفریقین کونوٹسزجاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 3 فروری تک ملتوی کردی۔
عدالت کے باہرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھاکہ آصف علی زرداری پر 17 سال سے مقدمات چل رہے ہیں اور وہ پانچ سال جیل میں بھی رہے، ان کے خلاف کسی بھی گواہ نے بیان نہیں دیا۔
واضح رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری اپنے خلاف کرپشن کے مختلف مقدمات میں 9 جنوری کو احتساب عدالت کے روبرو پیش ہوئے تاہم ان کے خلاف فرد جرم عائد نہیں کی گئی اور سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر کیس کو مختصر سماعت کے بعد ملتوی کردیا گیا تھا۔
No comments:
Post a Comment