Thursday, 9 January 2014

پہلے پاکستان پھر آئین، غدار وطن کو 4بار پھانسی پر لٹکانا بھی کم ہے: شجاعت

پہلے پاکستان پھر آئین، غدار وطن کو 4بار پھانسی پر لٹکانا بھی کم ہے: شجاعت

اسلام آباد (ثناء نیوز) ق لیگ کے صدر سینیٹر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ سب سے پہلے مادر وطن اور پھر آئین آتا ہے، ملک سے غداری بلاشبہ سب سے بڑا اور ناقابل معافی جرم ہے اور جو وطن کا غدار ہو اسے چار بار بھی پھانسی پر لٹکایا جائے تو کم ہے، غدار کا لفظ اس کیلئے استعمال کیا جاتا ہے جو دشمن ملک کے ساتھ ساز باز کر کے اپنے ملک کو نقصان پہنچائے یا دشمن ملک کا ایجنٹ بنے وہ غدار ہوتا ہے لیکن ہر کسی کیلئے غدار کا لفظ استعمال کرنا مناسب نہیں، پہلے لفظ غدار کی تشریح کی جائے کیونکہ آئین کچی مٹی کی کوئی چیز نہیں جو ٹوٹ جائے، 6 لاکھ فوج اس بات کا کیا جواب دے گی کہ اس کے سپہ سالار کو غدار کہا گیا ہے۔ وہ اپنی رہائش گاہ پر نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے نومنتخب عہدیداروں کے اعزاز میں دئیے گئے ظہرانے سے خطاب کے بعد سوالات کے جواب دے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست اور صحافت کا چولی دامن کا ساتھ ہے اور صحافی مشکل کی ہر گھڑی میں انہیں اپنے شانہ بشانہ پائیں گے۔ ظہرانے کے شرکاء نے مسلم لیگی قیادت کے دورِ حکومت میں صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے کئے گئے اقدامات کو سراہا۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ پرویزمشرف عدالت سے نہیں بھاگ رہے اگر ٹرائل شروع کرنا ہے تو 12 اکتوبر 99ء سے کریں یا پھر 3 نومبر 2007ء سے سب کا ٹرائل کیا جائے اور غداری کی بجائے آئین شکنی کا لفظ استعمال کیا جائے میں نے آئین میں غداری کے لفظ کی تبدیلی کیلئے ترمیم کا مسودہ سینٹ میں پیش کر دیا ہے، آئین میں 18 بار پہلے بھی ترمیم ہو چکی ہے یہ ترمیم بھی بہت ضروری ہے۔ سیکرٹری جنرل ق لیگ سینیٹر مشاہد حسین سید نے صحافیوں کو اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ کسی بھی معاشرے کی ترقی کیلئے میڈیا کا کلیدی کردار ہوتا ہے۔

No comments:

Post a Comment