کالا باغ ڈیم منصوبے کا انجینئرنگ ڈیزائن مکمل ‘3600 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت ہو گی : ذرائع
اسلام آباد (ثناء نیوز) ذرائع وزارت پانی و بجلی نے دعویٰ کیا ہے کہ واٹر اینڈ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) نے کالاباغ ڈیم منصوبے کا انجینئرنگ ڈیزائن مکمل کر لیا ہے۔ ڈیم سے سستی اور وافر بجلی پیدا ہو گی جس سے توانائی بحران پر قابو پایا جا سکے گا۔ ڈیم میں تین ہزار چھ سو میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت ہو گی جس سے سالانہ چار ارب ڈالر کی بچت ہو گی۔ واپڈا کے پانچ ہزار سات سو میگاواٹ پن بجلی کے پانچ بڑے منصوبے 2016ء تک مکمل ہو جائیں گے۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے ملک میں بجلی بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ دیامیر بھاشا ڈیم ملک کی اقتصادی صورتحال کے لئے زندگی کی حیثیت رکھتا ہے جس سے طویل عرصے تک زرعی اور بجلی کی ضروریات پوری ہوں گی۔ دیامیر کے تین بنیادی مقاصد ہیں جن میں سیلاب پر کنٹرول، بجلی کی پیداوار اور پانی کو ذخیرہ کرنا شامل ہیں۔ منصوبہ کی تکمیل سے 4500 میگاواٹ بجلی پیدا کی جا سکے گی اور 80 لاکھ ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کیا جا سکے گا۔ گولن گول ہائیڈرو پراجیکٹ، نیلم جہلم پراجیکٹ اور خان خوڑ ہائیڈرو پراجیکٹ جیسے منصوبے 2015ء کے آخر تک مکمل ہو جائیں گے، جن کی مد سے ایک سو چھ میگاواٹ بجلی حاصل ہو گی۔ ان منصوبوں سے بجلی کے ٹیرف کو کم کرنے اور صارفین کو ریلیف فراہم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ مذکورہ منصوبوں کے مکمل ہونے پر توانائی کے نظام میں تقریباً چار سو چھتیس ملین یونٹس کا اضافہ ہو گا۔ نیلم جہلم منصوبے سے 969 میگاواٹ بجلی پیدا ہو گی۔ خان خوڑ ہائیڈرو پراجیکٹ سے ایک سو تیس میگاواٹ بجلی پیدا ہو گی۔
No comments:
Post a Comment