Monday, 27 January 2014

عمران کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں، بلاول کی عمران پر تنقید !



عمران کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں، بلاول کی عمران پر تنقید !


تحریک انصاف کے سربراہ نے گزشتہ روز پشاور کے ارباب نیاز سٹیڈیم میں جس طرح سلاخوں کے پیچھے کھڑے ہو کر خطاب کیا اس پر بلاول زرداری کی رگِ ظرافت پھڑک اُٹھی ہے اور انہوں نے اپنے ٹوئیٹر پیغام میں مطالبہ کیا ہے کہ عمران خان کو رہا کیا جائے۔ ٹی وی چینلز پر عوام بھی عمران خان کو سلاخوں کے پیچھے سے خطاب کرتے دیکھ کر ضرور حیران تھے کیونکہ اس سے قبل عوام کے بُلٹ پروف شیشوں کے پیچھے سے بلاول کو گڑھی خدا بخش میں خطاب کرتے دیکھا بھی سُنا بھی، دیگر حکمران اور سیاستدان بھی شیشے کے پیچھے کھڑے ہو کر خطاب فرماتے ہیں مگر یہ سلاخوں کے پیچھے سے خطاب ایک نیا آئیڈیا ہے۔ نجانے عمران خان کو یہ آئیڈیا کس نے دیا شاید عمران خان عوام کو پیغام دے رہے تھے کہ وہ بھی اپنے پارٹی کے کرتا دھرتائوں کے ہاتھوں یرغمال و قید ہیں اور مرضی سے کچھ نہیں کر سکتے۔ ہمارے اکثر سیاستدانوں اور رہنمائوں کی یہ بدقسمتی رہی ہے کہ انقلابی نعروں اور بیانات کے باوجود وہ اپنے پارٹی کے رہنمائوں، پالیسی میکروں کے ہاتھوں یرغمال بن جاتے ہیں۔ بھٹو صاحب غریبوں کے نعرے لگانے کے باوجود جاگیر داروں کے ہاتھ یرغمال بنے اور اب عمران خان بھی انقلابی تبدیلی کے نعرے کے باوجود موجود سسٹم کو بحال رکھنے والے سرمایہ داروں کے ہاتھوں یرغمال ہیں۔ یہ ہمارے پیسے والے طبقوں کا کمال بھی ہے اور اعجاز بھی کہ بقول میرؔ … ؎
ہم ہوئے تم ہوئے کہ میرؔ ہوئے
اُس کی زلفوں کے سب اسیر ہوئے
جو بھی آئے حکمران وہ انہی زر داروں کا اسیر ہو کر رہ جاتا ہے کیونکہ عوام سے انہوں نے صرف ووٹ لینا ہوتا ہے جبکہ ان زرداروں سے نوٹ لینا ہوتے ہیں جو وہ ایک ہاتھ سے حکمرانوں کو دیکر دوسرے ہاتھ سے عوام کی جیبوں سے نکالنے کے تمام گُر جانتے ہیں اب دیکھتے ہیں ہمارے رہنمائوں کو ان دولت مند خاندانوں کے چنگل اور قید سے کون نکالتا ہے۔ عمران خان یہ کام کر سکتے ہیں عوام کو ان سے کچھ امیدیں وابستہ ہیں، رہ گئے بلاول زرداری تو ابھی تک خود سات پردوں کے پیچھے بیٹھے ہیں جب سامنے آئینگے تو اسے بھی دیکھ لیں گے۔

وینا ملک نے شوبز کو خیرباد کہہ دیا مولانا طارق جمیل نے زندگی بدل دی قوم دعا کرے ثابت قدم رہوں: اداکارہ


وینا ملک نے شوبز کو خیرباد کہہ دیا مولانا طارق جمیل نے زندگی بدل دی قوم دعا کرے ثابت قدم رہوں: اداکارہ


لاہور/ مدینہ منورہ (آئی این پی) نامور اداکارہ وینا ملک نے شوبز انڈسٹری چھوڑنے کا باقاعدہ اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا طارق جمیل نے میری زندگی بدل دی ہے آئندہ پاکستانی یا بھارتی فلموں اور ڈراموں میں کام نہیں کرونگی، قوم دعا کرے میں ثابت قدم رہوں، عمرے کے دوران سب سے پہلے پاکستان سے دہشت گردی کے خاتمے اور امن کے قیام کیلئے دعا کی ہے۔ اتوار کے روز ٹی وی انٹرویو کے دوران وینا ملک نے کہا کہ زندگی میں ہر انسان سے غلطیاں ہوتی ہیں اور مجھ سے جو غلطیاں ہوئیں میں نے ان کیلئے اللہ سے معافی مانگ لی ہے اور فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ شوبز انڈسٹری میں کام نہیں کرونگی، میں نے جن بھارتی فلموں میں کام کی پہلے سے حامی بھر لی ہے ان کو بھی جواب دے دونگی۔

تحفظ پاکستان آرڈیننس کالا قانون ثابت ہو گا، اسمبلی میں مخالفت کرینگے: شاہ محمود


تحفظ پاکستان آرڈیننس کالا قانون ثابت ہو گا، اسمبلی میں مخالفت کرینگے: شاہ محمود


ملتان (جنرل رپورٹر ) تحریک انصاف کے مرکزی وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کے آج کے اجلاس میں حکومت کی طرف سے پیش کئے جانے والے تحفظ پاکستا ن آرڈیننس کو بلڈوز کیا جائے گا اگر اسے قانونی شکل دی گئی تو یہ کالا قانون ہوگا اور یہ آئین سے متصادم ہو کر بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہوگا پیپلز پارٹی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو چاہئے کہ وہ اس کی مخالفت کریں ہم دہشت گردی کا راستہ روکنے کیخلاف نہیں ہیں لیکن اگر یہ قانون نافذ کرنا ہے تو بھارت کی طرح ان علاقوں میں کیا جائے جہاں دہشت گردی ہو رہی ہے۔ پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا تحریک انصاف نے سٹینڈنگ کمیٹی میں اپنا تحریری موقف پیش کرکے اسے آئین کے متصادم قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہمیں خدشہ ہے آج کے اجلاس میں حکومت اس آرڈی نینس کی منظوری حاصل کرنے کی کوشش کرے گی حالانکہ اسمبلی میں اس وقت بحث ہونی چاہئے۔ شاہ محمود قریشی نے ماہرین قانون بار ایسوسی ایشن پنجاب و پاکستان بار کونسل کے ارکان سے اپیل کی ہے وہ اس قانون کا جائزہ لیں اور عوامی رائے عامہ کو فعال اور متحرک کریں۔ قانون نافذ کرنے والے کسی بھی شخص کو بلا ورنٹ گرفتار کر سکیں گے۔ پاکستان کے ماہرقوانین اس پر آواز بلند کریں اگر یہ آواز بلند نہ ہوئی تو ہم سب کو اس کا خمیازہ بھگتنا ہوگا۔